ہلاک ہونیوالے کسانوں کے اہل خانہ کو معاوضہ نہ دینا مودی حکومت کی بہت بڑی غلطی ہوگی، راہل گاندھی
نئی دلی07 دسمبر (کے ایم ایس)
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اگر کسان تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے کسانوں کومعاوضہ نہ دیا گیا تو یہ یک بڑی غلطی ہوگی اور وزیر اعظم مودی کتنی بار قوم سے معافی مانگیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے منگل کو بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران کسان تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے کسانوں کی ایک فہرست پیش کرتے مودی حکومت سے ہلاک ہونے والے کسانوں کے لواحقین کو معاوضہ اور ملازمتیں فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک کے دوران تقریبا 700 کسانوں نے اپنی جان گنوا دی۔ راہل گاندھی نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے قوم اور کسانوں سے معافی مانگی کہ ان سے غلطی سرزد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ہلکا ہونے والے کسانوں کے نام اور دیگر تفصیلات نہیں ہیں ۔تاہم انہوں نے کہاکہ انہوں نے ایک فہرست بنائی ہے جس میں ان کسانوں کی تفصیلات موجود ہیں۔راہل گاندھی نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ جو کسانوں کا حق ہےوہ انہیں ملے اور جو وزیر اعظم مودی نے ان سے وعدہ کیا ہے وہ پورا ہونا چاہیے اور متاثرہ کسانوں کو معاوضہ اور روزگار ملنا چاہیے۔