بی جے پی نے آئین اور جمہوریت کے وقار کو پامال کیا ہے،اکھلیش یادو
لکھنو: بھارت میں سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی نے ملک میں آئین اور جمہوریت کے وقار کو پامال کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے لکھنو میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی اپنے سیاسی مفاد کے لیے اقتداراورطاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے عوام، کسانوں، نوجوانوں، تاجروں اور غریبوں سب کے ساتھ فریب کیا ہے۔ 2027کے اسمبلی انتخابات میں اترپردیش کے عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے ،اب اس کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کا رویہ ہمیشہ عوام دشمن رہا ہے۔مودی حکومت کے دور میں ناانصافی اور ظلم اپنے عروج پر ہے۔ آئین اور جمہوریت کے وقار کو پامال اور لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیاجا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے دورمیں عوامی مسائل بڑھتے جا رہے ہیں اور مہنگائی اور بے روزگاری، بدعنوانی اپنے عروج پر ہے جبکہ حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے صدر نے کہاکہ بی جے پی پر اتر پردیش کو برباد کردیا ہے اور اب عوام کو 2027کا انتظار ہے جب انہیں بی جے پی کو سبق سکھانے کا موقع ملے گا۔