برسلز میں 15 اگست کو بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاجائیگا
برسلز:کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام15اگست بروز جمعرات کوبھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلزمیں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یادرہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہرسال 15اگست کوبھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرے میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کے علاوہ ان سے ہمدردی رکھنے والی دیگر کمیونٹیز، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور سیاسی و سماجی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید نے اس موقع پر اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے۔ گذشتہ چند سال سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی میں بے پناہی اضافہ ہوا اور اسی وجہ سے مظلوم کشمیری گونا گون مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اہم سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن گرفتار اور نظربند ہیں۔ بھارت کشمیریوں کی بڑے پیمانے پر نسل کشی کررہا ہے اور بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے درپے ہے۔علی رضا سید نے کہاکہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیرکی آزادی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے اور ہم بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرناچاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے رہیں گے جب تک جموں و کشمیرکو بھارت سے آزادی نہیں مل جاتی۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔