مقبوضہ جموں وکشمیر : قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں کے علاقے نانک نگر کے مکینوں نے علاقے سے گزرنے والے نالے کی فوری صفائی اور اسکی چورائی میں اضافے کے اپنے مطالبے پر زور دینے کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نالے کے گندے پانی نے انکا جینا مشکل کر دیا ہے ۔ علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں ، نالے سے نکلنے والی بدبو کے باعث پورے علاقے کا ماحول خرا ب ہوچکا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوںنے کئی مرتبہ حکام سے نالے کی صفائی اور اسکی چوڑائی بڑھانے کی درخواست کی لیکن انہوں نے کان نہیں دھرے لہذا ہم احتجاجی کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہیں۔
دریں اثنا مقبوضہ وادی میں ضلع پلوامہ کے تیلی محلہ پتل باغ کے رہائشیوں کو گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصے سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ محکمہ پانی لوگوں کی اس مشکل سے مسلسل آنکھیں بند کیے ہوئے ہے ۔ علاقے کی ایک رہائشی خاتون حمیدہ نے کہا کہ وہ رواں برس فروری سے پانی کے شدید بحران کا شکار ہیں اور حکام ہماری اپیلوں کے باوجود یہ مسئلہ حل نہیں کر رہے۔