فسطائی مودی حکومت کے دور میں کشمیریوں کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ ہوا ہے ، فاروق عبداللہ
جموں:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے دس سالہ دوراقتدار میں کشمیری عوام کو مشکلات اور مصائب کے سوا کچھ نہیں ملا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے ڈوڈہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی کے بعد کشمیریوں کو درپیش مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔انہوںنے کشمیری عوام پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے پر زوردیا۔انہوںنے پارٹی کارکنوں پر بھی زوردیاکہ وہ بھارت کی مذموم سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں مودی کی بھارتی حکومت کی اعلان کردہ اسکیموں سے کشمیری عوام کے مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔فاروق عبداللہ نے نام نہاد حلقہ بندیوں کے تباہ کن اثرات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ حلقہ بندیوں کی مشق کا مقصد کشمیریوں کو مذہبی اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنا ہے۔