مظفر آباد : اشرف صحرائی کے یوم شہادت پر زبردست بھارت مخالف مظاہرہ اور ریلی
مظفرآباد 05مئی (کے ایم ایس)
آزادجموں وکشمیرکے دارلحکومت مظفر آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء محمد اشرف صحرائی کے پہلے یوم شہادت کے موقع پر زبردست بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظفر آباد کے برہان وانی شہید چوک میں شہریوں کی بڑی تعداد نے اکٹھے ہو کر شہید اشرف صحرائی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے زبردست بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی ۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محمد اشرف صحرائی کی دوران حراست شہادت کی براہ راست ذمہ دار نریندرہ مودی کی حکومت ہے اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لیناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ اشرف صحرائی کی دوران حراست شہادت کشمیری آزادی پسند قیادت کوجیلوں میں قتل کرنے کی مودی حکومت کی گھنائونی سازش کی واضح مثال ہے ۔ انہوں نے کہکاہ اشرف صحرائی کو کئی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود اودھم پور جیل میں جان بوجھ کر علاج معالجے سے سہولت سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ شہید اشرف صحرائی اور انکے بیٹے جنید صحرائی شہید سمیت پورے خاندان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ریلی سے حریت رہنماء مشتاق الاسلام ،شیخ عقیل الرحمن،عثمان علی ہاشم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
واضح رہے کہ تحریک حریت کشمیر کے اسیر چیئرمین اشرف صحرائی 5 مئی 2021 کو دورا ن حراست بھارتی جیل میں وفات پاگئے تھے ۔