عوامی مجلس عمل کی طرف سے غلام محی الدین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے رہنماء غلام محی الدین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تنظیم اور میرواعظ خاندان کیلئے غلام محی الدین کی گرانقدر خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ مرحوم نے بانی تنظیم شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق اور ان کی شہادت کے بعد تنظیم کے موجودہ سربراہ میرواعظ عمر فاروق کے ساتھ نمایاں خدمات انجام دی ہیں اوروہ تادم مرگ اپنے حق پر مبنی موقف پر قائم رہے ۔عوامی مجلس عمل نے مزید کہاہے کہ مرحوم کے انتقال سے تنظیمی حلقوں میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے اور ان کی نمایاں خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔اس دوران میرواعظ عمر فاروق نے بھی غلام محی الدین کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔عوامی مجلس عمل کے ایک وفد نے دلال محلہ پتھر مسجد سرینگر جاکر مرحوم کے نماز جنازہ میں شرکت کی۔