کشمیریوں سے سید علی گیلانی کی برسی پر حیدر پورہ میں انکی قبر پر حاضری دینے کی اپیل
بزرگ قائد کو برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یکم ستمبر بروز اتوار سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی قبر پر حاضری دیں اور فاتحہ خوانی کریں۔سید علی گیلانی یکم ستمبر2021کو سرینگر میں گھر میں نظر بندی کے دوران وفات پا گئے تھے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور اسیر سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں حق خودارادیت کی جاری جدوجہد میں سید علی گیلانی کی بے مثال خدمات اور لازوال کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ حق و صداقت اور دیانت کا پیکر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کیلئے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے بے انتہا بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود تنازعہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔اسیر رہنماﺅں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو ایک ہیرو کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے ۔مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم رہنما کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدر پورہ انکی قبر پربھر پور حاضری دیں ۔ انہوں نے ائمہ اور علمائے کرام پر بھی زور دیا کہ وہ شہید قائد کے درجات کی بلندی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔
سرینگر اور دیگر علاقوںمیں پوسٹر بھی چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے بابائے حریت سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ پوسٹر آزادی پسند تنظیم” فریڈم لورز“ نے چسپاں کیے ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا ہے”ہم بابائے حریت شہید سید علی گیلانی کو تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بھارتی حکومتیں سید علی گیلانی کے ضمیر کو خریدنے میں ناکام رہیں ، بھارتی فوجیوں کا ظلم وستم انہیں مرعوب نہیں کر سکا، ہم عہد کرتے ہیں کہ انکے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔پوسٹر سماجی رابطوں کی سائٹوں فیس بک، ٹویٹر وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کو برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک قدآور اور بلند پایہ رہنما تھے جو جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے تمام عمر جدوجہد کرتے رہے۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ بھارت نے سید علی گیلانی کو دس برس سے زائد عرصے تک سرینگر میں مسلسل گھر میں نظر بند رکھا اور سخت ذہنی اذیت دی اور وہ یکم ستمبر2021کو دوران نظر بندی انتقال کر گئے۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے اس عظیم رہنما کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور انکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے ایک بیان میں سیدعلی گیلانی کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سیدعلی گیلانی کے یوم شہادت کے موقع پر دارلحکومت مظفر آباد میں ایک ریلی نکالی جائیگی ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر پیپلز لیگ کا کارکن محمد رمضان شاہ علالت کے باعث وفات پا گیا۔ سوپور کا رہائشی محمد رمضان شاہ کافی عرصے سے علیل تھا۔ پیپلز لیگ کے ایک وفد نے مرحوم کے گھر جاکر غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
پیپلز لیگ کے نائب چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے ایک بیان میں محمد رمضان کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔