مقبوضہ جموں و کشمیر

جامع مسجد سرینگر میں مجلس رحمة للعالمین ۖ کا انعقاد

شرکاء کی طرف سے میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت

سرینگر:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد میں ایک پر وقار مجلس رحمة للعالمین ۖ منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مجلس کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن کے سربراہ میر وعظ عمر فاروق کی سربراہی میں منعقد کی جانی تھی تاہم قابض انتظامیہ کی طرف سے انکی گھر میں نظربندی کی وجہ سے وہ مجلس میں شرکت نہیں کر سکے ۔ مجلس میں وادی کشمیر کے جید علمائے کرام نے سرور کائناتۖ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر متعدد نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت ۖ میں گل ہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس موقع پر شرکا نے میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدیدمذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف قابض انتظامیہ دعویٰ کر رہی ہے کہ میر واعظ آزاد ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہیں ستمبر میں ایک بار پھر گھر میں نظربند کردیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ میرواعظ کشمیر ربیع الاول کے مشہور خوجہ دگر کے عظیم اجتماع میں شرکت کی اجازت دی گئی اور نہ ہی جامع مسجد میں اپنے منصبی فرائض ادا کرنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مذہبی حقوق سلب ہیں ۔ اجلاس میں مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا مسرور عباس انصاری، مولانا ایم ایس رحمن شمس، مولوی غلام نبی بخاری، محمد رفیق زرگراوردیگر نے شرکت کی ۔
ادھر انجمن اوقاف جامع مسجد نے بھی ایک بیان میں تمام انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ میرواعظ عمر فاروق کی غیر قانونی نظربندی کے حوالے سے قابض انتظامیہ کی پالیسی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button