کل جماعتی حریت کانفرنس اقوام متحدہ میں حوصلہ افزاء خطاب پر وزیر اعظم کی مشکور ہے
وادی کشمیرمیں مختلف مقامات پر ایس آئی اے کے چھاپے، متعددافراد گرفتار
سرینگر24ستمبر(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تقریر میں تنازعہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگرکرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کاز کا حقیقی علمبردار اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کا پرزور حامی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی پرزور تقریر مظلوم کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزاء ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سرینگرسے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی واحد امید پاکستان ہے۔ انہوں نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔ سید بشیر اندرابی، خادم حسین اور سبط شبیر قمی سمیت دیگر حریت رہنمائوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مزید خونریزی روکنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے آگے آئے۔
بھارت کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے وادی کشمیر کے وسطی اور شمالی علاقوں میں کئی مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مدد سے سرینگر، بڈگام اور کپواڑہ اضلاع میں چھاپے مارے۔ ادارے کے ایک افسر نے کالے قوانین کے تحت گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔
دریں اثناء بسترعلالت پرپڑے بزرگ مذہبی اور سیاسی شخصیت عبداللہ طاری کو ایک جھوٹے مقدمے میں سرینگر کی ایک عدالت میں پیش ہونے پر مجبور کیا گیا۔ 86سالہ عبداللہ طاری کو متعدد عارضوں میں مبتلا ہونے کے باوجود گرفتاری سے بچنے کے لیے جج کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہونا پڑا۔
ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی تقریر کے موقع پرآج اسلام آباد، مظفر آباد، برسلز اور دنیا کے دیگرعلاقوں میں بھارت کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ، پاسبان حریت اور کشمیر کونسل یورپ نے کیا تھا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے یوکرین جنگ جیسے عالمی مسائل کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔