دارالعلوم دیوبندکے چانسلرکی میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات
سرینگر: ایشیا کی عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبندکے چانسلر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈ کے رکن مولانا محمد سفیان قاسمی نے سرینگر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مولانا محمد سفیان قاسمی ممتاز علماء کے ایک وفد کے ہمراہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختصر دورے پر ہیں ۔دونوں رہنمائو ں نے مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز اور بھارت میں مسلمانوں کو درپیش ملی و سماجی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی اتحادو تعاون اورمثبت اور فعال کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران مولانا قاسمی نے میرواعظ کو دارالعلوم دیوبند کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی تاکہ علمائے کرام اور اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔میرواعظ نے معزز مہمان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش اہم مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے مسلمان دانشوروں اور علمائے کرام کے درمیان مشاورت اورمسلسل کوششیںانتہائی ناگزیرہیں۔