”کشمیری 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں“:مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگراور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 27 اکتوبر کو ” یوم سیاہ “کے طور پر مناکرناجائز بھارتی تسلط کیخلاف اپنا بھر پور احتجاج درج کرائیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پوسٹر آزادی پسند تنظیم فریڈم لورز نے سرینگر اور دیگر علاقوں میں کھمبوں ، ستونوں اور دیواروں وغیرہ پر چسپاں کیے ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا ہے” کشمیری غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے کیونکہ بھارت نے 1947میں اس روز کشمیریوں کی خواہشات پامال کرتے ہوئے جموںوکشمیر پر تسلط جما لیا تھا۔
پوسٹروں میں مزید لکھا ہے کہ ”کشمیر ی بھارتی غلامی ہرگز قبول نہیں کریں گے اور آزادی کی صبح تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پوسٹروں میں بیرون ممالک مقیم کشمیریوں پر بھی زور دیا گیا گیا کہ وہ27اکتوبر کو بھارت کے خلاف بھر پور مظاہرے اور کشمیریوں کیخلاف بی جے پی-آر ایس ایس حکومت کے مذموم ایجنڈے کا پردہ چاک کریں۔یاد رہے کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے سرینگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی ریاست پر قبضہ جما لیا تھا۔