کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، پیروان ولایت
سرینگر03 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ سبط شبیر قمی نے کشمیریوں پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ اپنی حق پر مبنی تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کشمیری عوام کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سبط شبیر قمی نے سرینگر میں پیروان ولایت کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ سلسلہ بھارت کے آخری فوجی کی کشمیر میں موجودگی تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ تہتر برس سے مسلسل بھارتی ظلم وتشدد کا نشا نہ بن رہے ہیں اور 5 اگست 2019کے بعد سے اس ظلم و جبر میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کو طرح طرح کی اذیت اور درد ناک صورتحال کا سامنا ہے لیکن وہ استقامت کے ساتھ اس کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر اور امت مسلمہ سے متعلق دیگر تمام مسائل کے حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو کشمیر اور امت سے جڑے دوسرے مسائل کو حل کرنا کوئی مشکل کام نہیں ۔انہوں نے بھارتی ظلم و جبر پر اقوام عالم کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ دنیا کے بااثر ممالک کشمیر جیسے حساس معاملے پر اپنا اہم کردار ادا نہیں کر ہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کے علمبرداروں پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظراس دیرینہ تنازعے کے پائیدار حل کیلئے اپنا کردارادا کریں۔ سبط شبیر قمی نے کہا کہ مودی کی مسلم دشمن حکومت کشمیری نوجوانوں کو منصوبہ بند طریقے سے تہہ تیغ کر رہی ہے ۔اجلاس میں پیروان ولایت کی مجلس عاملہ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔