بی جے پی جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کی ہر آواز کو کچلنا چاہتی ہے: کانگریس
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اختلاف رائے کی ہر آواز کو کچلنا چاہتی ہے اور اس کے آمرانہ رویے، طرز حکمرانی اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے علاقے سے اس کا صفایاہوجائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں کے علاقے کٹرہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے احتجاج پر پابندی کے حکنامے کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی غرض سے ہر جمہوری آواز کو کچلنے کے لیے اس طرح کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں بی جے پی کے دن گنے جا چکے ہیں کیونکہ اس نے عام لوگوں کی طاقت کو چیلنج کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کھونے کے خوف نے بی جے پی کو اسمبلی اور پنچایتی انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے پر مجبور کیا ہے لیکن ایک دن اسے عوام کا سامنا کرنا پڑے گا اور انتخابات کا انعقاد کرنا پڑے گا اور بی جے پی کا علاقے سے صفایا ہو جائے گا۔ کانگریس رہنما منوج یادو نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کو ختم کر دیا ہے اور کانگریس جمہوریت اور جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ورکنگ صدر رمن بھلا نے بی جے پی کی نوجوان دشمن، عوام دشمن، غریب دشمن اور ملازمین دشمن ذہنیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس کابدلہ لیں گے۔