اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بھارت بھر میں 600ٹرینیں منسوخ
نئی دلی 20جون(کے ایم ایس )
بھارتی فوج میں بھرتی کی متنازعہ اسکیم’اگنی پتھ’ کے خلاف بھارت کے مختلف حصوں میں مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے اور پیر کو600کے قریب ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین اس اسکیم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ احتجاج کے دوران بھارت بھر میں آج 597ٹرینوں کو منسوخ کیاگیاجس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شمالی ریلوے کے مطابق مختلف ٹرمینلز سے مشرق کی طرف جانے والی کل 18 ٹرینوں کوآج منسوخ کیاگیا۔ ریلوے نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اگنی پتھ بھرتی اسکیم کے خلاف احتجاج کے پیش نظرسینکڑوں مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسکیم کے خلاف احتجاج میں پیر کو کئی ریاستوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ 14جون کو مودی حکومت نے ہندوستانی فوج میں بھرتی کے لیے نئی اگنی پتھ اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ یہ اسکیم نوجوانوں کو چار سال کی مدت کے لیے فوج کے باقاعدہ کیڈر میں خدمات انجام دینے کی اجازت دیتی ہے۔ اسکیم کے اعلان کے بعد دہلی ، اتر پردیش ، بہار ، ہریانہ ، تلنگانہ ، مغربی بنگال ، مدھیہ پردیش ، پنجاب ، جھارکھنڈ اور آسام ، اڈیشہ سمیت مختلف ریاستوں میں احتجاج جاری ہے ۔