بھارت ریاستی دہشت گردی سے کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک کو کچل نہیں سکتا، عزیر غزالی
مظفرآباد 30اگست (کے ایم ایس )
پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھارت اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوںکی مزاحمتی تحریک کو کچل نہیں سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عزیراحمدغزالی نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں بھارتی قابض افواج کی دہشت گردی اور مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور سفاکانہ کردار پر شدید تنقید کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی سے کشمیری عوام کے حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کر سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارت کے غیرقانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت گزشتہ تین دہائیوں سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ جموں وکشمیر میںنہتے کشمیری عوام کو وحشیانہ ظلم و تشدد اور ریاستی جبر کانشانہ بنا کر انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے کشمیری عوام کو بندوق اور فوجی طاقت کے بل پر مسلسل محاصرے میں رکھ کر پوری وادی کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اپنی آزادی، نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل، مذہبی، سماجی ، سیاسی اور انسانی حقوق کی بازیابی کیلئے دنیا کی مکار اور وعدہ خلاف ریاست بھارت سے نبرد آزما ہیں۔ عزیر غزالی نے کہاکہ بھارت تمام تر سازشوں، اوچھے ہتھکنڈوں اور بدترین ریاستی جبر کے باوجود کشمیریوںکو اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے مطالبے سے دستبردار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہاہے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے