مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں، انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیاگیا
سرینگر:انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیاگیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں وکشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ ،جموںو کشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگرکیاگیاہے۔ کل جماعی حریت کانفرنس کے رہنمائوں بشمول چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندارابی کی تصاویر والے پوسٹروں میں کشمیریوں کو انکے حق خودارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کی مذمت کی گئی ہے ۔ پوسٹرو ں میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کے ماورائے عدالت اور جعلی مقابلوں میں قتل اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جبری گرفتاریوں کی بھی مذمت کی گئی ہے اوربھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ 10دسمبر1948کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کو اپنانے کی یاد میں ہر سا ل اس دن انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔