بھارت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے : فاروق عبداللہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے ایک بیان میںمسلمانوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بھارت کے آئینی اقدار اور اس کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی سطح پر بھارت کی ساکھ کو داغدار کرتے ہیں اور بحیثیت قوم اس کی ترقی کو روکتے ہیں۔ انہوں نے ہر شہری کو ترقی اور خوشحالی تک مساوی رسائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ 21ویں صدی میں ایسے واقعات کا تسلسل اس بات کی علامت ہے کہ ملک اپنی بنیادی اقدار سے بھٹک رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آئین اور انسانی حقوق کے لئے محض زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلاسکتی بلکہ اس کی پالیسیوں میں ان اصولوں کی عکاسی ہونی چاہیے۔ تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور بھارت کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔فاروق عبداللہ نے نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ ہر فرد کے وقار کو برقرار رکھے کیونکہ ان مسائل کو حل کرنے میں ناکامی سے سماجی تقسیم مزید گہری ہوجائے گی اور ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہو گی۔