برطانیہ میں مقیم کشمیریوں ، پاکستانیوں کا سید علی گیلانی کو خراج عقیدت
لندن 02ستمبر (کے ایم ایس)برطانیہ بھر میںمقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بھی بزرگ کشمیری حریت قائد سید علی گیلانی کی دوسری برسی پر انہیں شاندارخراج عقیدت پیش کیا ہے۔
” تحریک کشمیر برطانیہ“ کی کال پر گزشتہ روز گلاسگو، برمنگھم، لوٹن، مانچسٹر، ڈربی شیفیلڈ، نیلسن، کوونٹری اور دیگر شہروں میں بڑے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے سید علی گیلانی کو تحریک مزاحمت کی ایک عظیم علامت قراردیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سید علی گیلانی کا جسد خاکی اہلخانہ سے چھین کر رات کی تاریکی میں دفن کر کے بدترین سامراجیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جہنم میں تبدیل کر دیا ہے اور آزادی کے متوالوں کو قید کر کے علاقے میں قبرستان جیسی خاموشی پیدا کر دی ہے۔
تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے اس موقع پر کہا کہ سید علی گیلانی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ اسکے الحاق کیلئے وقف کر دی تھی اوروہ گھرمیں طویل نظر بندی کے دوران داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔
محمد غالب، حنیف راجہ، نذیر احمد قریشی، سید طفیل حسین شاہ، مفتی عبدالمجید، مفتی فضل احمد قادری، چوہدری محمد شریف، چوہدری نصر اقبال، راجہ آزاد، راجہ علی اصغر، ڈاکٹر حماد المشرقی، محمد عارف، بشیر رتوی، شبیر حسین، طلعت بصیر، شوکت سلطان، چوہدری محمد یاسین، راجہ جاوید اقبال، چوہدری اللہ دتہ اور شبیر حسین نے بھی ایک مشترکہ بیان میں سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم قائد کی بے لوث جدوجہد کشمیر کی آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز کے وحشیانہ مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور شہداءکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔