مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر کشمیری کواپنا کردار اداکرنا ہوگا: مقررین ویبنار
اسلام آباد: یوم سیاہ کشمیرکے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک ویبنارکا اہتمام کیا گیا جس میں بھارتی مظالم کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زوردیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ”جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے 76سال اور تحریک آزادی میں ہمارا کردار اور ذمہ داریاں” کے زیر عنوان ویبنار سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی، کشمیری سکالر ڈاکٹر ولید رسول،ڈاکٹر اشرف وانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کیلئے ہر ایک کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہا کہ 27اکتوبر 1947جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی فوجیوں نے تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اس پر قبضہ کیاتھا۔مقررین نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی مظالم اور اس کے ناجائز قبضے کو دنیا بھرمیں اورتمام عالمی فورموں پربے نقاب کیا جائے اور اس کیلئے اتحادواتفاق ناگزیر ہے۔شرکاء نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے کے لیے اپنا کرادار ادا کریں۔