آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا تحریکِ آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم

مظفر آباد:آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے کہاہے کہ26جنوری 1950کو نافذ کیا گیا بھارت کا آئین آج عملی طور پر اپنی اصل روح اور اصولوں سے محروم ہو چکا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ڈاکٹر بی آر امبیدکرنے جنہوں نے اس آئین کو تشکیل دیا، اسے مساوات، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کا ضامن بنایا تھا۔ لیکن مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی چانکیائی پالیسیوں نے اسے ایک بے جان دستاویز میں تبدیل کر دیا ہے۔درجہ فہرست ذاتیں اور دیگر محروم طبقات جن کے تحفظ اور ترقی کے لیے آئین میں ضمانت دی گئی تھی، آج منظم امتیاز اور چیرہ دستیوں کا شکار ہیں۔ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ جنہیں اس آئین کے ذریعے انصاف فراہم کیا جانا تھا، انہیں عملی طور پر ان کے حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ آئین کے اصولوں کو الفاظ تک محدود رکھ کر عملی طورپر یہ محض ایک آلہ جبر بن چکا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال اس آئینی بے عملی کی سب سے بڑی مثال ہے جہاں بھارت لاکھوں فوجیوں کی تعیناتی، اقتصادی پیکجز اور دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا۔ یہ بات اب عالمی سطح پر عیاں ہو چکی ہے کہ کشمیری عوام کسی بھی قیمت پر بھارت کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں۔26جنوری جو بھارت کے لیے یومِ جمہوریہ ہے، دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے لیے یومِ سیاہ ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کی وکلا ء برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر کے وکلاء اور دیگر قانونی تنظیموںکے موقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کرتی ہے کہ جب تک کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرنے، ان کی آزادی کو دبانے اور ان پر مظالم ڈھانے کی مذمت کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی آواز بنے۔بیان میں کہاگیاکہ آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی وکلاء برادری ،کشمیری عوام، حریت کانفرنس اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم تمام کشمیری تنظیموں کے ساتھ مکمل طورپر کھڑی رہے گی اور تحریکِ آزادی کشمیر کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button