جیل میں نظربندظفر اکبر بٹ کی والدہ کے انتقال پر حریت رہنماﺅں کا اظہار تعزیت

اسلام آباد:سینئر حریت رہنماﺅں نے جیل میں غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنما ظفر اکبر بٹ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما محمد الطاف بٹ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے نائب صدر محمود احمد ساغر نے ایک تعزیتی بیان میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے دوران اپنے بیٹے ظفر اکبر بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی سمیت بے پناہ مشکلات اور آزمائشیں برداشت کیں۔محمود ساغر نے تحریک آزادی کشمیرکیلئے ان کے خاندان کی گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کے خاندان کی قربانیوں کو کشمیر کی تحریک مزاحمت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں محمد الطاف بٹ کی رہائش گاہ پر جا کر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما یاسمین راجہ، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے صدر ڈاکٹر قمر الزمان زرگر اور دیگر نے بھی ظفر اکبر بٹ اور الطاف احمد بٹ کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت اوریکجہتی کا اظہار کیا۔







