میرواعظ عمر فاروق کی دہلی میں علمائے دین سے ملاقاتیں،کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا
نئی دہلی:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی دارالحکومت میں جامع مسجد دہلی اور فتح پوری مسجد کا دورہ کیاجہاں انہوں نے شاہی امام سید احمد بخاری اور فتح پوری مسجد کے امام و خطیب مفتی مکرم احمدسے ملاقاتیں کیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقاتوں کے دوران میرواعظ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالی اور وہاں کے عوام کوبھارتی قبضے کے تحت درپیش مشکلات کو اجاگرکیا۔علمائے دین نے میر واعظ کا پرتپاک استقبال کیا اور مسلم اتحاد اور کمیونٹی کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں قیادت کے اہم کردار کے بارے میں بامعنی بات چیت کی۔شاہی امام سید احمد بخاری اور مفتی مکرم احمدنے امن اور مکالمے کی وکالت کرنے کے لئے میرواعظ کی انتھک کوششوں کی تعریف کی اور خطے کے مسلمانوں کو متاثر کرنے والے اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقاتوں میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انصاف اور امن کی جدوجہد میں میرواعظ کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کشمیریوں کو درپیش مشکلات کواجاگرکیاگیا جہاں بھارت نے سیاسی اور مذہبی آزادیوں پر بہت زیادہ پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔