کشمیر کی خاطر 3جنگیں لڑچکے، 10اور لڑنا پڑیں تو لڑیں گے: آرمی چیف
کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہیگا،جنرل سیدعاصم منیر
مظفرآباد:آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ کشمیر کی خاطر 3جنگیں لڑچکے، 10اور لڑنا پڑیں تو لڑیں گے،کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہیگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد کے دورے کے دوران جموں و کشمیر یادگار شہدا پر حاضری دی۔ انہوں نے آزادی کشمیر اور دفاع وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مظفر آباد میں کشمیری عمائدین اور ویٹرنز سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ کشمیر کا فیصلہ کسی غاصب فوج کو نہیں کشمیر کے عوام کو کرنا ہے،کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے۔کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہیگا۔ آزادی کی شمع کشمیریوں کی ایک نسل دوسری نسل کے سپرد کرتی چلی آ رہی ہے،بھارت تھوڑے عرصے تک تو مقبوضہ کشمیرمیں زیادتی کرسکتا ہو مگر ہمیشہ نہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خاطر تین جنگیں لڑی ہیں، دس اور لڑنی پڑیں تو ان شا اللہ لڑیں گے، اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں تو ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل آرمی چیف نے جموں و کشمیر یادگار شہدا پر حاضری دی، انہوں نے آزادی کشمیر اور دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے غیرمتزلزل عزم کی تعریف کی۔اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے افسران اورجوانوں کے جذبے کو بھی سراہا، اور مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ جنرل عاصم منیر نے کہاکہ پاک فوج مکمل عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ قوم کی حاکمیت اور سرحدی سالمیت کا دفاع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیر کے عوام کی خود ارادیت کی جدوجہد کو مزید تقویت دیتی ہے۔ پاکستان ہمیشہ ریاستی جبر و ظلم کے خلاف کشمیر کے عوام کے جائز اور باحق مقصد کے ساتھ کھڑا رہے گا اور یقینا ایک دن کشمیر آزاد ہو کر، کشمیر کے عوام کی مرضی کے مطابق پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔ آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس فرمان کو دہرایا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہ رگ کو جسم سے کاٹنے کا مطلب زندگی کا خاتمہ ہے۔ مسلمان کبھی دشمن کی تعداد یا ہتھیاروں سے مرعوب نہیں ہوتا۔ ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیلِ اللہ کی بنیاد پر اللہ کا گروہ ہی ہمیشہ غالب رہے گا۔کشمیری معززین نے اس موقع پر کہ پاک فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال فلسطین سے بھی بدتر ہوتا۔ پاک فوج اور کشمیری عوام کا رشتہ اٹوٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان سے بڑھ کر کشمیر کا کوئی ترجمان نہیں ہو سکتا۔