کشمیریوں سے بھرپوراظہار یکجہتی پر حریت کانفرنس کی طرف سے پاکستان کا شکریہ
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپورانداز میں اظہار یکجہتی کے لئے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوںنے کہا کہ عالمی سطح پر 5 فروری کا دن نہایت جوش و جذبے کے تحت منایا گیا ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرپوری دنیا کو یہ پیغام پہنچایاگیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کا پروگرام پاکستان کا شکریہ اداکرنے کے لیے ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز اٹھاتا ہے۔انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دورہ مظفر آباد پر ان کی شکریہ اداکیا۔غلام محمد صفی نے کہاکہ جب تک جموں وکشمیر پاکستان کے ساتھ نہیں ملتا اس وقت تک پاکستان نامکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام بار ایسوسی ایشنز نے بھی پروگرام کیے اور حریت کانفرنس ہر پروگرام میں ساتھ تھی۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف سے لے کر اقوام متحدہ تک ہر فورم پر کشمیرکے حق میں آواز بلند کی گئی۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف نے مظفر آباد میں کھل کر کہا کہ کشمیر کے لیے تین جنگیں لڑ چکے ، دس بھی لڑنے کو تیار ہیں۔ پاکستان کے لوگ تماشہ نہیں دیکھیں گے بلکہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہونگے اور ان کے حق میں لڑیں گے۔ حریت رہنما الطاف وانی،شمیم شال، زاہد صفی،امتیاز احمداورشیخ عبد المتین بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے اور ان کو پتہ چلا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام ان کو نہیں بھولے۔ انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیرکے بعد بھارت سے جاری بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ وہ خوفزدہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی اختلافات کے باجود مقبوضہ جموں وکشمیر کے لیے تمام جماعتیں یک آواز ہیں۔حریت قیادت نے کراچی ، لاہور ، پشاور اورکوئٹہ سمیت ملک بھرکے تمام شہروں اورقصبہ جات میں تقریبات کے انعقاد اور لوگوں کی شرکت پر دلی شکریہ ادا کیا۔