آزاد کشمیر

ملائیشیا میں اسلامی تنظیموں کی طرف سے مشاورتی کونسل کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے حل کی حمایت

مظفر آباد:ملائیشیا میں اسلامی تنظیموں کی مشاورتی کونسل کے ایک وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنے اورتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی حمایت جار ی رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظفرآباد میں ایوان صدر میں آزاد جموں و کشمیر کے قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کے دوران مجلس پیروندگان اسلام ملائیشیا کے صدر حاجی محمد اعظمی عبدالحمید نے کہا کہ تنظیم مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت جاری رکھے گی اور اس دیرینہ تنازعے کے حل کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی ۔محمد اعظمی عبدالحمید نے چوہدری لطیف اکبر کو بتایا کہ ملائیشیا اور کشمیر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے، تنظیم نے "فرینڈز آف کشمیر”گروپ قائم کیا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو وظائف اور دیگر مواقع فراہم کیے جائیں گے اور دو طرفہ تعلقات کو مزیدبڑھانے کے لیے کشمیر، ملائیشیا، پاکستان سینٹر قائم کیاجائے گا۔ لطیف اکبر نے وفد کو علاقائی اور عالمی امن کے لیے تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے اور مسلسل جارحیت کے ذریعے خطے کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے۔انہوں نے 5اگست 2019کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو کشمیری عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی قرار دیتے ہوئے عالمی فورمز پر کشمیر کاز موثر طور پر اجاگر کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔انہوں نے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو عالمی پلیٹ فارمز پر بلند کرنے میں ملائیشیا کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔چوہدری لطیف اکبر نے امید ظاہر کی کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لیں گی اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button