بھارت نے نہتے کشمیریوں پرمظالم میں تیزی لائی ہے، ڈیموکریٹک فورم اٹلی
بریشیا،اٹلی:
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم اٹلی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم اٹلی کے صدر عتیق زبیر جرال کی زیر صدارت تنظیم کے ایک اجلاس میں کہا گیاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں نہتے لوگوں پر مظالم میں تیزی لائی ہے ، بھارتی فورسز نے پورے علاقے کو چھاﺅنی میں تبدیل کر کے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیزکر دی ہیں جس دوران بھارتی فورسز اہلکار گھروں میں گھس کر مکینوں کو سخت ہراساں کرتے ہیں اورنوجوان کو گرفتار کرلیتے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے خواتین کی آبروریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
عتیق زبیر جرال نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ علاقے میںاظہار رائے کی آزادی کے حق کو مکمل طورپر سلب کر لیا گیاہے جسکاعالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں کہاکہ ڈیموکریٹک فورم اٹلی کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت ملنے تک اس حوالے سے آپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔
اجلاس میں اطالوی ہیومن رائٹس کی سربراہ لورا رافیلی، سردار مان سنگھ، اسپورٹس کلب بریشیا کے صدر محسن وڑائچ اور چوہدری تنویر ساہی بھی شریک تھے۔