آزاد کشمیر

مظفر آباد : تصویری نمائش میں بھارتی جنگی جرائم کو بے نقاب کیاگیا

مظفر آباد:
آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں "آل آئیز آن کشمیر” کے عنوان سے ایک نمائش کا اہتمام کیاگیا جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کو بے نقاب کرنا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نمائش کا اہتمام سنٹرل پریس کلب کے باہر پاسبان حریت جموں و کشمیر نے کیا تھا ۔نمائش میں 50سے زائد تصاویر رکھی گئی تھیں جن میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و تشدد ، قتل عام، جبری گمشدگیوں اور شہری آزادیوں پر پابندیوں کی عکاسی کی گئی تھی ۔نمائش میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی قابض فوج کے خلاف عالمی فوجداری عدالت میںمقدمہ چلائے۔نمائش میں آزاد جموں و کشمیر کے قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر، سابق چیف جسٹس ابراہیم ضیا، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی کے علاوہ مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم، شوکت جاوید میر، سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری چوہدری توفیق ایڈووکیٹ، آسیہ رفیق ایڈووکیٹ، محمد نقوی ایڈووکیٹ، محمد رفیق ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں 5اگست 2019 سے پہلے اور بعد کی سنگین صورتحال کی بھی عکاسی کی گئی ہے ، جب بھارت نے یکطرفہ طور پرمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔ تصاویر میں مقبوضہ کشمیرمیں دریافت ہونیوالی ہزاروں اجتماعی قبروں ، امرناتھ یاترا کی وجہ سے ہونیوالی ماحولیاتی تباہی اور کشمیری شہریوں کو زبردستی بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے مجبورکئے جانے کے مناظر بھی شامل ہیں ۔اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ کالے قوانین اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کودبایانہیں جاسکتا۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کو جدید دور کے بدترین جنگی جرائم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں دوران حراست لاپتہ اور بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button