مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف آزاد جموں و کشمیر میں ریلیوں کا انعقاد
مظفرآباد 15اگست(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں کشمیرشاخ کے رہنمائوں اور مہاجرین کشمیر نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے مظفرآباد اور آزاد جموں و کشمیر کے کئی دیگر شہروں میں بھارت مخالف ریلیاں نکالیں۔
ریلیوں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایسی ہی ایک تقریب سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔شرکا ء نے آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کی آزادی اور سیاسی، سماجی، مذہبی اور انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے وہ اپنا یوم آزادی کیسے منا سکتا ہے؟مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام نے کبھی بھارت کے فوجی قبضے اور اس کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے کہ جموں و کشمیر پر اس کا غیر قانونی فوجی قبضہ ختم ہونے والا ہے اور کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ 5اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دے کر علاقے میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ریفرنڈم کرائیں۔ریلی میں سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل اعجاز احمد لون، آزاد جموں و کشمیر کے حریت رہنما عزیر احمد غزالی، مشتاق احمد بٹ، مشتاق الاسلام، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ محمد اسلم اور دیگر نے شرکت کی۔نیلم، کوٹلی، راولاکوٹ، میرپور اور آزاد جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں جن میں مقامی انتظامیہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔