آج آزاد جموں و کشمیر کا 78 واں یوم تاسیس منایا جا رہا ہے
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کا 78 واں یوم تاسیس آج ملی جوش و خروش اوراس تجدید عہد کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ بھارت کے ناجائز قبضے سے جموں و کشمیر کی آزادی اور پورے مقبوضہ علاقے کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظفرآباد میں دن کا آغاز بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کے لیے خصوصی دعاو¿ں سے ہوا۔ پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی و ترقی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے تمام ریڈیو اسٹیشن یوم تاسیس کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے خصوصی پروگرام نشر کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں نے سری نگر میں اپنے بیانات میں آزاد جموں و کشمیر کے 78 ویں یوم تاسیس پر آزاد خطے کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے 78 سال قبل آزادی کے لیے اپنی غیر متزلزل جدوجہد کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کی بنیاد رکھی تھی۔
بیانات میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی بھارتی کوششوں اور قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم پر گہری تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔
حریت کانفرنس اور دیگر نے اپنے بیانات میں واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن و ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔







