بھارت:ہندوتوا تنظیم نے مغل بادشاہوں کی تصاویر عوامی بیت الخلا ئوں میں لگادیں
لکھنو:بھارت میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست اتر پردیش میں ایک ہندوتوا تنظیم کے ارکان نے مسلمان بادشاہوں خاص طورپرممتاز مغل بادشاہوں اورنگ زیب اور بابر کی تصاویر عوامی بیت الخلائوں اور پیشاب خانوں میں لگادی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعات ضلع ہاپوڑ کے قصبے پلکھوا میں پیش آئے۔ زعفرانی اسکارف پہنے ہوئے انتہا پسند گروپ نے اس کارروائی کی فلم بندی کی اور فوٹیج سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔ویڈیو میں یہ گروپ مغل سلطنت کے بانی بابر اور سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والے مغل بادشاہ اورنگ زیب کی تصاویر عوامی بیت الخلائوں کی دیواروںپر چسپاں کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ گروپ کے ارکان تصاویر لگانے کے بعد جوتوں سے مار کر تصاویر کی بے حرمتی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم نے سہولیات کا نام تبدیل کر دیا ہے۔چند دن پہلے اسی طرح کا ایک واقعہ دہلی میں پیش آیاجہاں ایک ہندوتوا تنظیم کے ارکان نے اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر تھوکا اور پیشاب کیا۔یہ کارروائیاں ہندوتوا تنظیموں اور انتہا پسند سیاست دانوں کی زیر قیادت ایک وسیع تراور مربوط مہم کا حصہ ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں ان تنظیموں نے مغل دور کے تاریخی مقامات کے نام تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں جن میں شہروں، سڑکوں، اداروں اور یہاں تک کہ ا سکولوں کے نصاب میں شامل مغل سلطنت کے بارے میں ابواب بھی شامل ہیں۔اس مہم نے خاص طور پر بالی ووڈ کی فلم” چھاوا ”کی ریلیز کے بعد زور پکڑ لیا ہے جس میں اورنگ زیب کو ایک ولن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافے اور نفرت پر مبنی حملوں کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔