کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کا مولانا محمد یوسف شاہ کو ان کی برسی پرشاندار خراج عقیدت
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مفسر قرآن، سابق صدر آزاد کشمیر میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو ان کی 58ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر ایک عظیم دینی اور سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک نازک دور میں تدبر اور ثابت قدمی سے ریاست کے مسلمانوں کی راہنمائی کی جوتاریخ میں زندہ رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر اورخاص کر سرینگر میں میر واعظ کشمیر کا خاندان ایک مدت سے فروغ اسلام کا مرکز رہا ہے۔ اس خاندان نے دین کی اشاعت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی فکری اور سیاسی راہنمائی بھی کی۔ اس مرکز سے وادی کشمیر میں تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کو بنیاد حاصل ہوئی جس نے آگے چل کر ایک عظیم انقلاب کی صورت اختیار کر لی۔ مقررین نے کہا کہ میر واعظ کشمیر مولانا محمدیوسف شاہ اور ان کے خاندان نے کشمیری عوام کو دین اسلام سے وابستہ رکھنے اور انہیں آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرانے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ مولانا محمد یوسف شاہ کشمیری عوام کے سچے خیر خواہ تھے جنہوں نے ایک طرف انہیں اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تو دوسری طرف انہیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا۔انہوں نے اسلامی ممالک کے دورے بھی کیے۔ قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر ان کا ایسا بڑا کارنامہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ آخر پر میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ اورتمام شہدائے کشمیر کے لئے مغفرت اوربلندی درجات کی دعا کی گئی ۔ اس موقع پرحریت رہنما محمد اشرف ڈار کے والد اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ کی خوشدامن کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی گئی۔ تقریب میں سینئر حریت رہنمامحمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر ،سید یوسف نسیم،سید فیض نقشبندی ، میر طاہر مسعود ، الطاف احمد بٹ، ثناء اللہ ڈار ، شیخ عبدالمتین، سید اعجاز رحمانی، نثار مرزا، امتیاز وانی،محمد رفیق ڈار، دائواد یوسف زئی،حاجی سلطان بٹ،چوہدری شاہین اقبال،میاں مظفر، نذیر کرنائی، سید گلشن، شیخ عبدالماجد،عبدالمجید میر اوردیگرنے شرکت کی۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنماچوہدری شاہین اقبال نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںتین بے گناہ نوجوانوں کے اغوا اوران میں سے دو کے دوران حراست قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ان مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقوق سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔