APHC-AJK

بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو جہنم میں تبدیل کر دیا ہے،ساغر

sagar

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ نریندر کی زیر قیادت آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کو جہنم میں تبدیل کردیا ہے اور وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے 05 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے بھارتی ریاستی دہشت گردی میں شدت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کے باعث بھارت کو مقبوضہ علاقے میں مظالم جاری رکھنے کی شہ ملی ہے۔
محمود احمد ساغر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل نظربندی اور جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ پر پابندی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی انسانی اور مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں صریح مداخلت ہے۔
انہوںنے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کی بنیادی وجہ ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن کو یقینی بنانے کے لیے اس دیرینہ تنازے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما، قاضی عمران نے” غلامی کے خاتمے کے عالمی دن“ کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہے ہیںتاہم کشمیری بھارتی غلامی سے آزادی کے حصول کی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button