چودھری غلام عباس کو برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش

سری نگر : کل جماعتی حریت کانفرنس نےتحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما، رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں چودھری غلام عباس کو تحریک آزادی کشمیرکا ایک چمکتا ہواستارہ قراردیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق چودھری غلام عباس کا مشن تھا جس کے لئے انہوں نے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے اپنی نوجوانی کے دنوں سے ہی برصغیر کے مسلمانوں کی انگریزوں سے باالخصوص کشمیریوں کی ڈوگرہ شاہی کے جبر سے آزادی کے لئے انتھک جدوجہد کی ،کشمیر کی تحریک آزادی میں ایک اہم کردار ادا کیااوراپنے اس مشن پر ثابت قدم رہے۔
انہوںنے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، رفیق احمد ڈار، الطاف حسین وانی، شمیم شال ، میر طاہر مسعود اور ایڈووکیٹ پرویز احمد نے بھی اسلام اسلام آباد میں اپنے بیانات چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ چوہدری غلام عباس اپنی آخری سانس تک جدوجہد آزادی کشمیر سے وابستہ رہے ، الحاق پاکستان انکا مشن تھا جس کے لیے وہ بھر پور جدوجہد کرتے رہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بھی رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں کشمیر میں دو قومی نظریہ کا کٹر حامی اور پاکستان سے الحاق کا ایک سرکردہ وکیل قرار دیا۔
پیرس میں مقیم کشمیر رہنما چوہدری نعیم اختر نے بھی چوہدری غلام عباس کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس قائداعظم کے قریبی ساتھی، کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے محافظ اور پاکستان سے الحاق کے چیمپئن تھے۔KMS-05/M





