حکومت نے عالمی امن کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دیکر ملک کے وقار کو داﺅ پر لگادیا: ممتا بنرجی
کولکتہ 26 ستمبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ انتقامی ذہنیت کی حامل اور ایک حاسد مرکزی حکومت نے انہیں روم میں ہونے والی عالمی امن کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دیکر ملک کے وقار کو داﺅ پر لگادیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز مغربی بنگال حکومت کو باضابطہ طور پر اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھاجس پر ممتا بنرجی پھٹ پڑی۔انہوں نے کہاکہ مجھے بیرونی ممالک کے دوروں کا شوق نہیں لیکن یہ ملک کے وقار کا معاملہ ہے۔ممتا بنرجی نے کہاکہ بھارتی حکومت ہندو مفادات کی بات کرتی ہے اوراگر اس کے دل میں واقعی ہندو مفادا ت کی تڑپ ہے تو بھارت سے واحد ہندو خاتون کووہاں جانے کی اجازت کیوں نہیں د ی جبکہ تقریب کے دیگر تمام شرکاءعیسائی اور مسلمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بھارت کی نمائندگی کرنے جا رہی تھی ، چھٹی منانے نہیں جارہی تھی۔انہوں نے کہاکہ اطالوی حکومت نے مجھے خصوصی اجازت دی تھی۔ممتا بنرجی نے کہاکہ تقریب میں کئی سربراہان مملکت اور مذہبی رہنما شرکت کرنے والے ہیں اور میں واحد بھارتی تھی جس کو مدعوکیاگیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے سوال اٹھایا کہ انہیں بیرون ملک تقریبات میں جانے سے کیوں روکا جارہا ہے جبکہ بی جے پی قیادت اپنی مرضی کے مطابق سفر کر سکتی ہے۔ممتا بنرجی کو2018 میںمذہب کی عالمی پارلیمنٹ سے سوامی وویکانند کی تاریخی تقریر کے 125 سال پورے ہونے کے موقع پر شکاگو میں منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اس سے پہلے چین کا مجوزہ دورہ بھی آخری لمحات میں منسوخ کرنا پڑاکیونکہ بھارتی حکومت نے جانے کی اجازت نہیں دی۔