پاکستان

او آئی سی کا بھارت سے اشتعال انگیز بیان بازی بند کرنے کا مطالبہ، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ

نیویارک: اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی اشتعال انگیز بیان بازی بند کرے اور جارحانہ اقدامات کوروکے جن سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کی حالیہ بریفنگ کے بعد او آئی سی گروپ نے نیویارک میں جاری ایک بیان میں پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دعوے پہلے سے ہی نازک خطے میں کشیدگی کو بڑھاتے ہیں۔گروپ نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کو کسی مخصوص ملک، نسل، مذہب، ثقافت یا قومیت سے جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کردیا۔ بیان میںاسلامی سربراہی اجلاس اور او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل سے پہلے سے ہی منظور شدہ قراردادوں کی توثیق کرتے ہوئے تنازعہ جموں و کشمیر کو بنیادی مسئلہ قراردیاگیا ہے جس سے جنوبی ایشیا کا امن و استحکام خطرہ میں ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ابھی تک ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دی گئی ہے۔ او آئی سی گروپ نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اورتنازعات کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرنے کے پاکستان کے موقف پر اس کی تعریف کی۔ بیان میںباہمی احترام اور کشمیری عوام کی امنگوں پر مبنی سفارتی حل کے لیے پاکستان کے کھلے پن کا بھی خیر مقدم کیاگیا۔ گروپ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور طاقتور ممالک سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اورٹھوس اقدامات کریں۔ او آئی سی گروپ نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے ایک بار پھر بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقائی اور عالمی امن کی خاطر اپنے اشتعال انگیز اقدامات اور بیانات بند کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button