آزاد کشمیر

بھارت کے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر

مظفر آباد:
چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں پر حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چیف جسٹس آزاد کشمیرنے مظفر آباد میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے بزدلانہ اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ ان حملوں میں ہمارے معصوم بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری عدالتیں کھلی ہیں، تمام سرکاری دفاتر اور کاروباری ادارے کام کر رہے ہیں۔پوری پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے حوصلے بلندہیں۔ بھارتی حملوں سے عوام بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں بلکہ وہ سڑکوں پر نکل کر پاک فوج سے اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے طیاروں کو تباہ کر کے ایک تاریخ رقم کی۔ انہوں نے بھارتی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے تمام شہریوں کے ورثا کے ساتھ اظہار یکیجہتی کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 8 مئی سے 10 مئی تک سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی پچاس سالہ گولڈن جوبلی تقریبات کا پروگرام غیر معمولی صورتحال کے پیش نظرموخر کیا گیا ہے ۔ فل کورٹ ریفرنس میں جسٹس خواجہ محمد نسیم ، جسٹس رضا علی خان ، ایڈووکیٹ جنرل ، سپریم کورٹ اورہائی کور ٹ بار ایسوسی ایشنوں اور سنٹرل بار کے عہدیداران، سینئر وکلا اور سپریم کورٹ کے آفیسران نے شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button