بھارت کے 15مقامات پر پاکستانی حملوں کی بھارتی خبر جھوٹ کا پلندہ
پاکستان حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو نظر آئیگا اور گونج بھی سنائی دے گی: ترجمان پاک فوج
اسلام آباد:
مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے 15مقامات پر پاکستانی حملوں کی بھارتی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے، پاکستان حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ پاکستان جب بھارت پر حملہ کرے گا تو پوری دنیامیں گونج سنائی دے گی ۔ اسکے لیے بھارتی میڈیا کی خبروں کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کا پاکستان پر میزائل حملوں کا الزام بے بنیاد اور جھوٹ پرمبنی ہے ۔ امرتسر میں بھارتی فوج نے خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا، آدم پور سے پروجیکٹائل خود انہوں نے فائر کیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے، بھارت کہتا ہے پاکستان نے اس پر میزائل داغے، جہاں یہ میزائل گرے وہاں خشک گھاس پڑی ہے، کم از کم اس میں آگ ہی لگا دیتے۔انہوں نے کہا کہ آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئیگا؟ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج بھارت کے ٹوٹل 29ڈرونز گرائے گئے، جن میں سے صرف ایک اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا، جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، ڈرون حملوں میں 3معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئیں، 4 جوان زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ڈراموں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی اس بار ہم نے چائے وہاں بھجوائی، پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق ہی کی فتح ہوگی، پاکستانی عوام مطمئن رہیں بھارت یہاں بے چینی پھیلانا چاہتا ہے، پاکستانی قوم مطمئن رہے ہم چوکس ہیں کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ دشمن فوجی یا شہری کی تمیز نہیں کرتا، اگر ان کا اتنا ہی سسٹم شاندار ہے تو 6 مئی کی رات کو دکھاتے، 5 جہاز آپ کے کیسے گر گئے؟ آپ کو پتا تھا جواب آئے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہم نے مختلف جگہوں سے اٹھایا، بھارتی جنگی جہازوں کا ملبہ خود بھارت نے اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی ڈرون کا رخ ننکانہ صاحب کی طرف تھا، بھارت ایسا کیوں کر رہا ہے؟ وہ سمجھ نہیں سکتے یہاں لوگ ان پر ہنس رہے ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت سے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 5طیاروں کو مار گرایا، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہرممکن سٹریٹجک احتیاط کا مظاہرہ کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بہادر پاکستانیو کوئی گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت اپنی خفت مٹانے کیلئے یہ حرکتیں کر رہا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں شہریوں پر کوئی حملہ نہیں کیا۔