مضامین

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ ،عالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی غیرمعمولی کامیابی

تحریر:محمد یاسر
پاکستانی فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ امریکہ کوعالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم کامیابی اوربھارت کیلئے ایک بڑا دھچکا قراردیاجارہاہے۔خاص طور پر پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر بھارت کی حالیہ بلااشتعال جارحیت اورپاکستان کے بھرپور جواب کے بعد سیدعاصم منیر کے دورہ امریکہ سے پاکستان کی ذمہ دار علاقائی طاقت کے طورپر عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت اوراثر ورسوخ کا منہ بولتا ثبو ت ہے ۔ روایتی حریف بھارت میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کو مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی سے تعبیر کیاجارہاہے۔
بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پاک فوج کے سپہ سالار کے دورے کو بھارت کی خارجہ پالیسی کیلئے ایک بڑادھچکہ قرار دیاہے۔کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایک ٹویٹ میں پہلگام واقعے کے بعدامریکہ کی طرف سے پاکستانی فوج کے سربراہ کو دورے کی دعوت اور امریکی سینٹرل کام کے سربراہ کی جانب سے پاکستان کی تعریف اور ستائش کو مودی حکومت کی سفارتی سطح پر شکست اور بڑھتی ہوئی تنہائی قراردیاہے۔جے رام رمیش کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک ایسے وقت پر امریکہ کادورہ کر رہے ہیں جب پہلگام واقعے اور آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد خطے کی صورتحال تشویشناک اوردونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان تعلقات انتہائی کشید ہ ہیں ۔ عاصم منیر کو امریکی فوج کی تقریب میں بطور مہمان شرکت کی دعوت بھارت کے لیے انتہائی پریشان کن اوراس سے امریکہ کے ارادوں پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔
جے رام رمیش نے امریکہ کی سینٹرل کمان(سینٹ کام)کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا کی طرف سے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی تعریف اور پاکستان کو علاقائی سلامتی کی کارروائیوں میں ایک اہم اور غیرمعمولی شراکت دارقراردینے کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ تناظر میں یہ امریکہ کی طرف سے بھارت کیلئے سفارتی سطح پر ایک سخت پیغام ہے ۔ جنرل مائیکل کوریلا نے خاص طور پر اسلامک اسٹیٹ خراسان کے خلاف کارروائیوں کے لیے پاکستان کی زبردست تعریف کی تھی۔
مودی حکومت کی طرف سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد اپنا نکتہ نظر عالمی سطح پر پیش کرنے کیلئے بیرون ملک بھجوائے گئے وفود کا بھی کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہو اہے کیونکہ اس دوران واشنگٹن ڈی سی سے آنے والی خبریں بھارت کی سفارتی تنہائی اور امریکہ کی طرف سے سرد مہری کاعندیہ دیتی ہیں ۔تاہم مودی جی اب تک ان نمائندوں کی ستائش میں مصروف ہیں جو دنیا کو بھارت کے بیانیہ سے آگاہ کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں ۔جے رام رمیش نے نریندر مودی سے بھارت کی سفارتی سطح پر شکست کا اعتراف کرنے اور خارجہ پالیسی کو از سر نو مرتب کرنے کیلئے آل پارٹی میٹنگ اور پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے نریندرمودی سے کہاکہ وہ اپنی ضد چھوڑ کر قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
پون کھیڑا سمیت کانگریس پارٹی کے دیگر رہنماء بھی مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی پر تنقید کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ آپریشن سندو ر کی ناکامی کے بعداب کولمبیا جیسے ممالک بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیںاور بھارت کے دیرینہ دوست روس نے بھی پاکستان کے ساتھ اربوں ڈالر مالیت کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے بھارت کی درخواست پر پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کرانے کے اعلان اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے متعدد بار ثالثی کی پیش کش بھی عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کی فتح اور مودی حکومت کی ہزیمت کا باعث ہے ۔ صدر ٹرمپ اوراسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے 10مئی کے بعد سے بار ہا دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار اداکرنے کی پیش کش کی ہے جبکہ ہندوتوا مودی حکومت مسلسل جموں وکشمیر کے بھارت کے اٹوٹ انگ ہونے کا راگ الاپ رہی ہے ،جس سے دیرینہ تنازعہ کشمیرکے بارے میں مودی حکومت کی روایتی ہٹ دھرمی ظاہر ہوتی ہے۔
امریکہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پر تپاک استقبال اور واشنگٹن ڈی سی میں اعلی سطح کی ملاقاتیں پاکستان اور امریکہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی گرم جوشی ،اعتماد اور انسداد دہشت گردی اور علاقائی استحکام کیلئے دوطرفہ تعاون کو اجاگر کرتی ہیں۔سیدعاصم منیر اتوار کو امریکی فوج کے 250ویں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کیلئے واشنگٹن پہنچے تھے ۔پاک فوج کے سربراہ کے5روزہ سرکاری دورے کا مقصد پاک امریکا فوجی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید تقویت دینا ہے۔ ان کے واشنگٹن پہنچے پر شاندار استقبال کیاگیا اورنیویارک کے ٹائمز اسکوائر پرپاکستانی پرچم اور فیلڈ مارشل کی تصاویر اور الیکٹرانک بورڈز پر پاکستان کے خوبصور مناظر کے کلپس چلائے گئے۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل کی تصاویروالے ڈیجیٹل ٹرک بھی واشنگٹن ڈی سی کی سڑکوں پر موجود تھے۔امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھی فیلڈ مارشل کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیاہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button