ملکی دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سینیٹر اسحاق ڈار
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ، قومی خودمختاری کا دفاع جاری رکھیں گے
اسلام آباد:
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور کسی بھی جارحیت کا اسی شدت سے جواب دیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوان بالا کے اجلاس سے خطا ب میں کہاکہ پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتا ہے اور حال ہی میں اس کا عملی مظاہرہ ایک بڑے دشمن کے خلاف کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کر سکے، پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو قوم کی امانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستانی عوام نے بے شمار قربانیوں سے حاصل کیا ہے اور اس کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اصولوں اور قومی مفادات کی بنیاد پر استوار ہے اور ہم کسی بھی اندرونی یا بیرونی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر قومی خودمختاری کا دفاع جاری رکھیں گے۔ اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات پر کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات سمیت مختلف ادارے ان غلط معلومات کی روک تھام کیلئے متحرک ہیں۔اسحاق ڈار نے کہاکہ ہم نے بھارت کو بھرپور جواب دیا لیکن ساتھ ہی ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت بھی دیا، پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کیلئے تیار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔