پراوین توگڑیاکادارلعلوم دیوبند،تبلیغی جماعت اور جمعیت علمائے ہند پر پابندی کامطالبہ
ممبئی یکم ستمبر(کے ایم ایس )
انتہا پسند ہندو تنظیم وشوا ہند وپریشد کے لیڈر اور اشتعال انگیز بیانات کی شہرت رکھنے والے پراوین توگڑیا نے طالبان کے افغانستان پر برسر اقتدار آنے پر زہر افشانی کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں عسکریت پسندی بڑھ سکتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرا وین توگڑیا نے ممبئی میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ طالبان کے فکری مراکز اور دارلعلوم دیوبند ، تبلیغی جماعت اور جمعیت علمائے ہند پر فوری پابندی عائد کرے ۔ انہوںنے کہاکہ ان تینوں مراکز کی مساجد اور مدارس کو بند کردینا چاہیے اور مولویوںکو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دینا چاہیے ورنہ بھارت دہشت گردی سے بچ نہیں پائے گا۔ انہوںنے یقین ظاہر کیاکہ ان کے بڑے بھائی نریندر مودی دارالعلوم دیوبند ، تبلیغی جماعت اور جمعیت علمائے ہند کی مساجد اور مدرسوں پر فورا پابندی لگا دیں گے ۔