مقبوضہ جموں و کشمیر

سلامتی کونسل جموں و کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات سے متعلق اپنی قراردادوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرے، پاکستان

اقوام متحدہ29جون (کے ایم ایس )
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدگی سے غور کرے اور بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 15رکنی سلامتی کونسل کو مزید شفاف، جوابدہ، جامع اور جمہوری بنایا جانا چاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندے عامر خان نے سلامتی کونسل کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بحث کے دوران کہا کہ سلامتی کونسل کی ساکھ کے لیے اس کی قراردادوں پر سلیکٹیو عمل درآمد اور عدم نفاذ سے زیادہ نقصان دہ کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی اس کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور تنازعات کے پیسفیک حل کے لیے ریاستوں اور عوام کے عزم کو ختم کردیتی ہے۔انہوں نے سلامتی کونسل کی جامع اصلاحات پر جنرل اسمبلی کے بین الحکومتی مذاکرات(آئی جی این) کے عمل کے ذریعے جلد اتفاق رائے کی امید ظاہر کی اور اس دوران اس کے کام کے طریقوں میں بہتری لانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کونسل کے کام کرنے کے طریقے اور عمل ایک ایسی سمت پر گامزن جو بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی جنرل رکنیت کی توقعات پر پورا نہیں اترتے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کے ساتھ اس کی بڑھتی ہوئی مصروفیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بند دروازوں میں کم سے کم اجلاس ہونے چاہئیں کیونکہ ہمارا سب کا بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں برابر کا حصہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے کام کی اوپن نیچر خاص طور پر سرد جنگ کے خاتمے کے بعد ختم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں کونسل کے مباحثوں میں جائز حصہ رکھنے والی ریاستوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی اشرافیہ نوعیت پر عدم اطمینان اور اس کے ویٹو کے استعمال سے مایوسی بڑھ رہی ہے۔ پاکستانی سفیر عامر خان نے کہا کہ سلامتی کونسل کے جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے ساتھ تعلقات کو بھی اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے مطابق لایا جانا چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button