مقبوضہ کشمیر میں3 سے9 جنوری تک شدید برفباری کاامکان
سرینگر 03 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج ( پیر )سے اتوار تک شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں کہاگیا ہے کہ3جنوری بروز پیرسے 9جنوری بروز اتوارتک مقبوضہ کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ، سونہ مرگ،بارہمولہ اور کپواڑہ میں شدید برفباری کا امکان ہے جس سے مقبوضہ علاقے کے زمینی اور فضائی راستے بند ہو سکتے ہیں۔ایڈوائزی میں بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیاگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کی وجہ سے جموں وکشمیر اور لداخ میں شدید برفباری ہو سکتی ہے ۔ پیر کی شب سے ہی کہیں کہیں ہلکی برف باری شروع ہوسکتی ہے جس کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوگاجبکہ بدھ سے برفباری اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے جوکہ ہفتہ کے روز تک جاری رہے گا۔ ایڈوائزری میں پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاط کریں۔