مقبوضہ کشمیر :سوپور قتل عام کی منصفانہ تحقیقا ت کا مطالبہ
سرینگر06 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں و کشمیر اور دیگر نے سانحہ سوپورسمیت گزشتہ 33برس کے دوران مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے بیسیوں واقعات کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 6جنوری1993ء کوسوپور قصبے میں ادھا دھند گولیاں برسار کر 60 بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور رہائشی مکانات اوردکانوں سمیت 350 سے زیادہ عمارتوں کو نذرآتش کردیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہدائے سوپور کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی قابض فوجیوں نے قصبے میں توڑ پھوڑ کی، بے رحمی سے کئی بے گناہ شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا،دکانوں اور عمارتوں کو آگ لگادی۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل عام کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کو روکنے کے گھنائونے اور مجرمانہ اقدام پرفسطائی بھارتی حکومت کی مذمت کی۔ حریت ترجمان نے عالمی عدالت انصاف سے کشمیریوں کے قتل عام کے اس گھنائونے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن اونتو نے ایک بیان میں کہاہے کہ سوپور قتل عام کے متاثرہ خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہاکہ جارح اور فسطائی بھارتی حکومت کے حمایت یافتہ بدعنوان ریاستی قانونی نظام کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی سے انکار کیاجارہا ہے ۔ احسن اونتو نے کہا کہ کسی کو بھی واضح طورپر معلوم نہیں ہے کہ بی ایس ایف نے اپنے اسٹاف کورٹ آف انکوائری میں کیاتحقیقات کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ سوپور کے متاثرہ خاندان اپنے پیاروںکو انصاف اور مجرموں کوسزائیں دلوانے کیلئے مسلسل اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں بشمول سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، عبدالاحد پرہ، شبیر احمد ڈار، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، محمود احمد ساغر، سید اعجاز رحمانی ، شمیم شال اورالطاف احمد بٹ نے اپنے بیانات میں کشمیریوں کی قربانیوں کو جاری تحریک آزادی کا بیش قیمت اثاثہ قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ سانحہ سوپور ایک ایسے ملک کی جیتی جاگتی تاریک داستان ہے جس نے ہمیشہ جمہوری چہرے کی آڑ میں عسکریت پسندی اور ظلم وجبر کا ارتکاب کیا ہے۔حریت قائدین نے شہدائے سوپورکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اوراس میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔