لندن میں مقیم کشمیر ی رہنمامزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف سرینگر میں مقدمہ درج
سرینگر08جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے لندن میں مقیم کشمیری رہنمامزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف سرینگر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقدمہ پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ میں درج کیاگیا ہے اور اس میں مزمل ٹھاکر پر الزام لگایاگیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے جو بھارت کی خودمختاری، سالمیت اور اتحاد کے لیے نقصان دہ ہیں۔ مزمل ایوب ٹھاکر برطانیہ سمیت دنیا بھرمیں تحریک آزادی کشمیر کی حمایت میں مختلف تقاریب میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کررہے ہیں۔ اس سے پہلے سعودی عرب میں مقیم کشمیری کارکن اور تحزیہ کار ڈاکٹر آصف ڈار کے خلاف بھی کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر آصف حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے زبردست حامی ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کررہے ہیں۔