کشمیر پریس کلب کی طرف سے صحافی سجاد گل کی فوری رہائی کا مطالبہ
سرینگر10 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر پریس کلب نے کشمیری صحافی سجاد گل کی فوری رہائی اور اس کے خلاف درج تمام مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم اور پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی جاری رکھ سکے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سجاد گل کوسرینگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایک کشمیری کے اہلخانہ کی طرف سے لگائے گئے بھارت مخالف نعروں کی ویڈیو پوسٹ کرنے پر5جنوری کو ایک چھاپے کے دوران گرفتا ر کر کے بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کردیاگیاتھا۔ کشمیرپریس کلب نے سرینگر میں ایک بیان میں سجاد کی فوری رہائی اور اسکے خلاف درج تمام مقدمات فوری طورپر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سجاد کے خلاف مقدمے کے انداراج کا واضح مقصد کشمیرمیں صحافیوں کی طرف سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کو ایک جرم قراردینا ہے ۔پریس کلب نے بھارتی پولیس کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں صحافیوں کو مسلسل ہراساں کئے جانے اور انہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قابض حکام کی طرف سے صحافیوں کو دھمکیوں ، انکی طلبی اور گرفتاریوں نے مقبوضہ علاقے میں آزادانہ اور تحقیقاتی رپورٹنگ کو ناممکن بنا دیا ہے۔ بیان میں قابض انتظامیہ پر کشمیر میں صحافیوں کیلئے آزادانہ طورپر اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے سازگار ماحول قائم کر نے پر بھی زوردیا گیا ہے۔