مقبوضہ جموں و کشمیر

فہیم کیانی کا بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، ڈاکٹر آصف، مزمل ٹھاکر کی حمایت

 

لندن 11 جنوری (کے ایم ایس) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںبے گناہ کشمیریوں کو نشانہ بنانے والی بھارت کی ریاستی دہشت گردی انسانی حقوق کے علمبرداروں بالخصوص مغربی ممالک کے منہ پر ایک طمانچہ ہے جو علاقے میںبھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین اور بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فہیم کیانی نے لندن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے پاس مختلف قسم کے یجنٹوں کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے جو کشمیریوں کی جاسوسی کے لیے عالمی دارالحکومتوں میں پھیلا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔ فہیم کیانی کا یہ بیان انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن ڈاکٹر آصف مقبول ڈار اور برطانیہ میں مقیم ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے سربراہ مزمل ایوب ٹھاکرکو پھنسانے کے لیے جھوٹے مقدمے قائم کرنے کے بعدسامنے آیا ہے۔فہیم کیانی نے ڈاکٹر آصف اورمزمل ٹھاکر کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض بھارتی ریاست مقبوضہ جموںوکشمیر میں معصوم اورنہتے کشمیریوں کو قتل اور زخمی کرنے، معذوربنانے اور جیلوں میں ڈال کر قبرستان کی خاموشی قائم کرنے کے بعد اب ان کشمیریوں اور ان کی حمایت کرنے والوںکے پیچھے پڑی ہے جو مقبوضہ علاقے کے ضمیر کی آواز بن چکے ہیں۔انہوں نے شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے خبردارکیاکہ بھارتی ایجنٹ کشمیر کے حوالے سے کسی بھی حد تک جاسکتے ہے کیونکہ بھارت نے مختلف دارالحکومتوں میں اپنے ایجنٹ پال رکھے ہیں جو کشمیریوں پر نظر رکھتے ہیں اوران کی سرگرمیوں کی اطلاع بھارتی سفارتخانوں کو دیتے ہیں۔ انہوں نے میزبان حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ایسے مذموم بھارتی اقدامات سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی یہ کارروائیاں ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں اور قانونی طور پر ماورائے عدالت کارروائی تصور کی جاتی ہیں جن پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔فہیم کیانی نے ڈاکٹر آصف مقبول ڈار کو جلاوطنی میںمقبوضہ جموں وکشمیر کے ابھرتے ہوئے رہنما کے طور پر سراہتے ہوئے کہاکہ بھارتی ریاست اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں ان کے حواری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ ڈاکٹر آصف مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں سے لے کرتارکین وطن کشمیری اور ان کے حامیوں تک کوایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس سے بھارت کے لیے ایک چیلنج کھڑا ہوگیا ہے کیونکہ تارکین وطن کشمیری ہر روز مقبوضہ جموں وکشمیر میں اس کے جنگی جرائم کو سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے بے نقاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی فسطائی ریاست کا مقابلہ کرنے کے لیے کشمیریوں کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ ریاست ہماری مشترکہ دشمن ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ مناسب وقت ہے کہ مودی کی بی جے پی حکومت کی فسطائی کارروائیوں کو بے نقاب جائے اور دنیا کو بتایا جائے کہ بھارت ایک فسطائی ریاست ہے جس نے جمہوریت کا نقاب پہنا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک کشمیر برطانیہ نے اپنے تمام وسائل ڈاکٹر آصف اور مزمل ایوب ٹھاکر کے لیے دستیاب رکھے ہیں۔فہیم کیانی نے کہاکہ تحریک کشمیر برطانیہ سمجھتی ہے کہ ایک مشترکہ لائحہ ہمارے قیمتی وسائل کو ضائع ہونے سے بچانے کے علاوہ بھارت کے خلاف ایک مضبوط مقدمہ بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button