مقبوضہ جموں و کشمیر

گیلانی: ‘ جس نے ’ہم پاکستانی ہیں، ہاکستان ہمارا ہے‘ کا نعرہ لگایا

سید علی گیلانی

سید علی گیلانی کے اجداد مشرق وسطیٰ سے ہجرت کر کے کشمیر میں آباد ہوئے تھے۔ وہ شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں ڈُورو گاوں کے ایک آسودہ حال گھرانے میں 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے۔

ابتدائی تعلیم سوپور میں حاصل کرنے کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے اورینٹل کالج لاہور چلے گئے، جہاں وہ جماعت اسلامی کے بانی مولانا مودودی کے خیالات اور علامہ اقبال کی شاعری سے بے حد متاثر ہوکر لوٹے۔

سید علی گیلانی نے علامہ اقبال کی فارسی شاعری کے ترجمے پر مشتمل تین کتابوں اور خود نوشت سوانح عمری سمیت تقریباً ایک درجن کتابیں بھی تصنیف کیں۔

کشمیر واپسی پر انھوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ شعر و سخن سے شغف اور حُسنِ خطابت کی وجہ سے بہت جلد جماعت کے اہم رہنما کے طور مشہور ہو گئے۔ انھوں نے 1977 ،1972 اور1987 میں جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا۔ مقامی اسمبلی میں وہ مسئلہ کشمیر کے حل کی وکالت کرتے رہے، تاہم 87 رُکنی ایوان میں جماعت کو چند سیٹیں ہی ملتی تھیں لہذا اُن کی سیاست اسمبلی کے اندر حاشیے پر ہی رہی۔

1987 میں گیلانی نے مسئلہ کشمیر کے حل کی حامی کئی آزادی پسند تنظیموں کے اتحاد مسلم متحدہ محاذ کی حمایت میں الیکشن لڑ کر اس وقت کے وزیر اعلی فاروق عبداللہ کو تاریخی چیلنج پیش کیا، تاہم انتخابات میں ‘بدترین دھاندلیوں’ اور کانگریس کی حمایت سے فاروق عبداللہ اقتدار برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئے اور سید علی گیلانی سمیت محاذ کے بھی امیدواروں نے الیکشن جیت لیا۔

چند سال بعد جب کشمیر میں ہمہ گیر مسلح جدوجہدشروع ہوئی اور محاذ کے ایک رُکن اسمبلی عبدالرزاق بچرو پُراسرار حالات میں مارے گئے تو گیلانی سمیت چاروں ارکان، اسمبلی کی رُکنیت سے مستعفی ہو گئے۔

ان کے ساتھ روشن خیال پیپلز کانفرنس کے رہنما عبدالغنی لون نے بھی استعفیٰ دیا اور دونوں نے تحریکِ آزادی کی حمایت کا اعلان کر دیا لیکن صرف دو سال کے اندر اندر کشمیر میں گورنر راج نافذ ہوا اور فاروق عبداللہ لندن میں مقیم ہوگئے۔

گیلانی نے مسلح تحریک کی کھل کر حمایت کی اور اسے کشمیریوں کی طرف سے ’تنگ آمد بہ جنگ آمد‘ کے مصداق ایک ردعمل قرار دیا۔ انھوں نے کشمیر کو پاکستان کا قدرتی حصہ قرار دے کر مسئلہ کشمیر کو تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیا۔

سید علی گیلانی

نظریاتی جنگ

1990 کی دہائی کے اوائل میں ہی گیلانی ایک مقبول عام پاکستان نواز رہنما کے طور اُبھرے لیکن عبدالغنی لون کے ساتھ ان کے نظریاتی اختلافات کھل کر سامنے آئے۔ گیلانی مسئلہ کشمیر کو اسلامی مسئلہ کہتے تھے جبکہ لون اسے خالص سیاسی مسئلہ قرار دیتے تھے۔

گیلانی اور لون نے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے قیام میں کلیدی کردار نبھایا اور نظریاتی جنگ تھم گئی۔

حریت میں دونوں مکاتب فکر کی جماعتیں تھیں۔ حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدکو بنیادی مطالبہ بنایا اور کشمیریوں، پاکستان اور انڈیا کے درمیان بیک وقت مذاکرات کو متبادل کے طور پیش کیا لیکن 1996 میں سخت ترین فوجی محاصرے میں ہوئے انتخابات کے بعد جب فاروق عبداللہ نے دوبارہ اقتدار سنبھالا تو نئی دلی نے علیحدگی پسندوں کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کی کوششوں کا آغاز کر دیا۔

ان کوششوں کی وجہ سے گیلانی اور دیگر رہنماؤں کے مؤقف واضح طور متصادم ہوئے۔

2002 میں عبدالغنی لون کے قتل کے بعد جب کشمیر میں انتخابات ہوئے تو بڑی تعداد میں لوگوں نے ووٹ ڈالے۔

سید علی گیلانی

نہ جُھکنے والا گیلانی۔۔۔

اٹل بہاری واجپائی اور منموہن سنگھ دونوں کی حکومتوں نے حریت قیادت کے ساتھ مذاکرات کے کئی ادوار کیے لیکن ہر بار گیلانی ان مذاکرات کو ’فضول مشق‘ اور ’وقت گزاری‘ سے تعبیر کرتے رہے جس کی وجہ سے ان مذاکرات کو عوامی حمایت حاصل نہ ہوسکی۔

سید علی گیلانی

سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر میں قانون کے پروفیسر شیخ شوکت حُسین کہتے ہیں کہ اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے نوجوانوں نے گیلانی کی حمایت میں کئی نعرے بھی اختراع کیے مثلاً ’کون کرے گا ترجمانی ، سید علی شاہ گیلانی‘ اور ’نہ جُھکنے والا، گیلانی، نہ رُکنے والا گیلانی۔‘

سید علی گیلانی نے کئی مرتبہ یہ دعویٰ کیا کہ نئی دلی کے کئی مصالحت کاروں نے اُن سے رابطہ کر کے اُن سے مؤقف میں لچک لانے کی فرمائش کی تاہم وہ اعادہ کرتے رہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا ہے اور ’اگر اس میں دلی کو دِقت ہے تو پاکستان، انڈیا اور کشمیری قیادت کے درمیان بیک وقف سہ فریقی بات چیت بھی ایک متبادل ہے۔‘

گیلانی اِزم کی جیت

2014 میں جب نریندر مودی نے نئی دلی میں بی جے پی کی غالب اکثریت کے ساتھ اقتدار سنبھالا تو کشمیر کے تئیں نئی دلی کا رویہ سخت ترین ہو گیا۔ خدشات اور خوف کی فضا کے بیچ حریت کانفرنس کے ماڈریٹ حلقوں کا لہجہ گیلانی کے ساتھ ملنے لگا اور نظریاتی اختلاف کے باوجود میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی سیاسی سمت ایک جیسی نظر آنے لگی۔

سید علی گیلانی

2016 میں ممتاز کشمیری نوجوان رہنماء برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد برپا ہونے والی عوامی تحریک نے تینوں رہنماؤں کو مشترکہ مزاحمتی فورم نامی بینر تلے اِکھٹا کر لیا اور عوام کی غالب اکثریت نے اس اتحاد پر اطمینان کا اظہاربھی کیا، کیونکہ فورم کی اپیلوں پر ہڑتالیں ہوتی تھیں اور مظاہرے بھی ہوتے تھے۔ اس فورم کی قیادت میں ہی ہندمخالف تحریک 2019 کے موسم گرما تک چلی۔ لیکن نریندر مودی کے دوبارہ برسراقتدار آتے ہی جماعت اسلامی اور لبریشن فرنٹ کو کالعدم قرار دیا گیا اور سینکڑوں رہنماؤں سمیت یاسین ملک کو بھی جیل بھیج دیا گیا۔

گیلانی پہلے ہی کئی برسوں سے گھر میں نظر بند تھے۔ پھر اُسی سال پانچ اگست کو کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا جس کے نتائج کشمیری آج بھی قدغنوں، گرفتاریوں اور خوف و ہراس کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

سید علی گیلانی کے موقف کو اس قدر مقبولیت کیوں ملی؟ اس کے جواب میں تجزیہ نگار اعجاز ایوب کہتے ہیں: ‘کشمیریوں نے شیخ محمد عبداللہ کو اپنا نجات دہندہ سمجھ کر اسے خوب پیار دیا۔

لیکن بائیس سال تک رائے شماری کی تحریک چلانے اور اتنی ہی مدت جیل میں گزارنے کے بعد 1971 میں جب انھوں نے اندرا گاندھی کے ساتھ سمجھوتہ کر کے کشمیر کا اقتدار سنبھالا تو کشمیریوں کی توقعات کا قتل ہو گیا۔ گیلانی نے مواقع دستیاب ہونے کے باوجود کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور لوگوں کو گیلانی میں 1971 سے پہلے والا شیخ عبداللہ نظر آیا۔’

سید علی گیلانی

گیلانی کا ورثہ

مبصرین کہتے ہیں کہ گیلانی اپنے دیرینہ مؤقف کی صورت میں ایسا سیاسی اور نظریاتی ورثہ چھوڑ گئے ہیں جو مختلف اور متضاد نظریات رکھنے والے لوگوں کو بھی متحد کرتا ہے۔

کالم نویس اور تبصرہ نگار عبدالقیوم شاہ کے مطابق ’ایک وقت مجھے لگا گیلانی چاہتے تھے کہ انھیں اسلام کے محافظ کے طور پر جانا جائے، لیکن طویل سیاسی سفر میں انھوں نے جس طرح اپنے مؤقف پر وقتی بہاؤ کو حاوی نہ ہونے دیا وہی اُن کا قابل قدر ورثہ ہے۔ان کے ساتھیوں نے نئی دلی اور اسلام آباد کے ساتھ مذاکرات کے کئی ادوار کیے، لیکن گیلانی کے اعتراض کی وجہ سے وہ کسی بھی سمجھوتہ کو مقبول عام نہ بنا سکے۔‘

سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر میں قانون کے پروفیسر شیخ شوکت حُسین کہتے ہیں گیلانی کا موقف مزید مضبوط ہوا اور وہ نوجوانوں کے لیڈر بن گئے۔ احتجاجی مظاہروں میں نوجوان اُن کی تصویر ایک انقلابی رہنما کے طور بلند کرنے لگے۔’

بشکریہ (بی بی سی اردو)

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button