مودی حکومت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، فاروق رحمانی
اسلام آباد19 جنوری (کے ایم ایس )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرنے پر نریندر مودی کی نسل پرست بھارتی حکومت کی شدید مذمت ہے ۔
محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے عوام کے تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں کو سلب کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں مقبوضہ علاقے میں فوج اور پولیس کے مظالم سے حق خودارادیت کی آواز کا گلا پہلے ہی گھونٹ دیا گیا تھا اب صحافیوں کو بھی آزادانہ پر لکھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر نے کہا کہ انسانی حقوق کے نامور کارکن محمد احسن اونتو اور صحافی سجاد گل کی گرفتاری مقبوضہ علاقے میں جابرانہ بھارتی انتقام کی واضح مثالیں ہیں۔محمد فاروق رحمانی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور عالمی برادری پر زور دیں کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرے۔