نیشنل کانفرنس کی سرینگر جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی کی مذمت
سرینگر31 جنوری (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جمو ں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ 6اگست 2021سے مسلسل 26ویں ہفتے تاریخی اور مرکزی جامع مسجد نوہٹہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا آزادی اظہار اور مذہب کی آزادی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جامع مسجدکشمیرکی مرکزی مسجد ہے اور جموں و کشمیر کے لاکھوں لوگوں کے ایمان کا مرکز ہے۔ اس عظیم مسجد کو مسلمانوں کے لیے مسلسل26 ہفتوں تک بند رکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر جمعہ کو وادی کے مختلف علاقوں سے مرد، خواتین اور بزرگ اس تاریخی مسجد میں آتے ہیں اور مایوس ہوکر واپس لوٹ جاتے ہیں۔ عمران نبی نے کہا اس طرح کی غیر ضروری پابندیوں سے لاکھوں لوگوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے۔